ضلع جہلم کے شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں، ڈی پی او ناصر محمود باجوہ

جہلم: انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا کے ویژن کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے نمازِ جمعہ کے بعد جامع مسجد نور جادہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔
مسجد میں کھلی کچہری میں لوگوں نے اپنے تمام مسائل بتائے جن پر فوری کارروائی کے احکامات صادر کرتے ہوئے موقع پر ہی انکے حل کے احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ ضلع جہلم کی عوام کو کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے دور رہنے اور سماج دشمن عناصر کی بیج کنی کے لیے ایسے افراد منشیات فروشوں، قحبہ خانوں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث افراد کی نشاندہی کریں اور جہلم پولیس کا ساتھ دیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب کے احکامات پر فوری انصاف عوام کی دہلیز پر فراہم کیا جارہا ہے۔ اس سلسلہ پولیس میں خدمت مراکز کا قیام، پولیس تحفظ مراکز کا قیام، میثاق مراکز، مصالحتی کونسلز کا قیام اور تھانہ جات کی بطور سپیشل انیشیٹیو پولیس اسٹیشن اپ گریڈیشن شامل ہے جہاں پر 24/7 سہولیات بہم پہنچائی جارہی ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ آئی جی پنجاب اور آر پی او راولپنڈی ڈویژن کی ہدایت پر جہلم میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ کھلی کچہریوں کا مقصد تیز ترین انصاف شہریوں کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے، عوام الناس اپنے مسائل لیکر بلا جھجک کھلی کچہریوں میں پہنچیں جہاں انکے مسائل موقع پر حل کیے جائیں گے۔
تھانہ صدر میں کھلی کچہری
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے تھانہ صدر میں بھی کھلی کچہری کا انعقاد کیا، کھلی کچہری میں اہل علاقہ کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔
کھلی کچہری میں لوگوں نے اپنے تمام مسائل بتائے جن پر ڈی پی او جہلم نے فوری کارروائی اور موقع پر ہی انکے حل کے احکامات جاری کیے۔
تھانہ صدر کا دورہ
کھلی کچہری کے بعد ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے تھانہ صدر جہلم کا دورہ کیا۔
دورہ کے دوران ڈی پی او جہلم نے تھانہ کی بلڈنگ،SIPs پروٹوکول،فرنٹ ڈیسک،مال خانہ تھانہ،حوالات تھانہ اور میس ہال کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ سرکاری تنصیبات اس ملک و قوم کی امانت اور پنجاب پولیس کا اثاثہ ہیں،ان کی دیکھ بھال اور حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں دی گئی ٹائم لائن کے اندر ایف آئی آر کے اندراج کو یقینی بنایا جائے، زیر تفتیش مقدمات کو میرٹ پر یکسو کیا جائے۔
انہوں نے عدم گرفتار ملزمان کی گرفتاری کےلئےمربوط حکمت عملی اپنانےاور اشتہاری مجرمان کےریڈ نوٹسزجاری کروانے کے احکامات کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کی شرح کو کم کرنے کے لیے کرائم پاکٹس میں موثر پٹرولنگ کی جائے۔ تھانہ جات میں آنے والے شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور بہترین سہولیات فراہم کریں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ پولیس کی کارکردگی جانچنے اور پولیس افسران و شہریوں کے مسائل جاننے کےلئے سرپرائز وزٹ کا سلسلہ جاری رہے گا۔



