صحت کی دستک؛ کیپٹن عطا ء اللہ خان ڈسٹرکٹ کونسل ڈسپنسری پڑی درویزہ میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

سوہاوہ/ پڑی درویزہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے پروگرام ’’صحت کی دستک‘‘ کے زیر اہتمام کیپٹن عطاء اللہ خان ڈسٹرکٹ کونسل ڈسپنسری پڑی درویزہ میں کامیاب فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد، ایک روزہ کیمپ میں 190مرد و خواتین کا معائنہ کیا گیا، فری ٹیسٹ اور مفت ادویات تقسیم کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر پورے صوبہ پنجاب کی طرح پروگرام ’’صحت کی دستک‘‘ کے زیر اہتمام جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقہ پڑی درویزہ میں 64سالہ قدیمی کیپٹن عطاء اللہ خان ڈسٹرکٹ کونسل ڈسپنسری پڑی درویزہ میں کامیاب فری میڈیکل کیمپ کا اہتما کیا گیا۔
کیمپ کا آغاز صبح ساڑھے 8 بجے ہوا۔ محکمہ صحت ضلع جہلم کے کوارڈینیٹر محمد وسیم نواز کیمپ کی نگرانی کر رہے تھے۔ کیمپ انتظامیہ میں خواتین کے لئے ماہر ڈاکٹر زچہ بچہ اور دیگر امراض کے ماہر ڈاکٹرز موجو دتھے۔ فرمی میڈیکل کیمپ کی میزبانی سماجی شخصیت راجہ شکیل کیانی، تحریک ترقی فلاحی کمیٹی پڑی درویزہ کے شاہد مغل، پروفیسر افتخار محمود اور دیگر کے علاوہ سابق جنرل کونسلر پڑی درویزہ نمبردار راجہ خورشید حیدر نے کی۔
فرمی میڈیکل کیمپ کے ساتھ صحت کی دستک کی موبائل وین میں چھ اقسام کے میڈیکل ٹیسٹ بالکل فری کیے گئے۔ ایک روزہ کیمپ سے پڑی درویزہ اور گرد و نواح سے 200مرد خواتین مریضوں کا معائنہ کیا گیا اور فری ادویات سے استفادہ کیا گیا ۔ موبائل وین میں الٹرا ساؤنڈ، ای سی جی، لیبارٹری ٹیسٹ، ادویات اور ابتدائی طبی امداد جیسی سہولیات موجود تھیں۔ سارا دن علاوہ بھر سے مریضوں کا تانتا بندھا رہا اور عوام نے وزیر پنجاب کے مذکورہ پروگرام کو خوب خراج تحسین پیش کیا۔
موقع کو غنیمت تصور کرتے ہوئے کیمپ میں موجود مریضان اور سماجی سیاسی شخصیات نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے یہ مطالبہ بھی دہرا دیا کہ اگر وزیر اعلیٰ پنجاب واقعی عوام کو صحت کی بنیادی سہولت فراہم کرنا چاہتی ہیں تو پھر اس علاقہ میں گزشتہ 64سالہ قدیم عرصہ سے موجود 20ہزار آبادی کے لئے 9کنال رقبہ پر موجود اس ڈسپنسری کو فوری طور پر بطور کیپٹن عطاء اللہ بنیادی مرکز صحت اپ گریڈ کرنے کا انقلابی قدم اٹھا دیں اور ہمیشہ کے لئے امر ہو جائیں۔



