جہلم کے مسائل حل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے، بلال اظہر کیانی


جہلم کے اہم مسائل کو حل کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے جبکہ میونسپل کمیٹی کے ریونیو، عوامی خدمات اور دیگر معاملات نمٹانا ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار ممبر قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کے ہمراہ منعقدہ اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں مختلف شعبہ جات خاص طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ میں ڈائیلسز یونٹ کے قیام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ممبر قومی اسمبلی بلال کیانی نے کہا کہ پنجاب حکومت بنیادی مسائل کے حل کے لیے متحرک ہے سرکاری محکموں کے مسائل حل ہونے سے شہریوں کو ریلیف ملے گا۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ میونسپل کمیٹی کی پراپرٹی کے کرایہ جات کی ریکوری پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ بند دوکانات بارے حکومت پنجاب کے قانون اور تاجروں کی مشاورت سے لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے سوہاوہ ٹی ایچ کیو میں طبی مشینری اور بلڈنگ کی جدید ترین تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔
بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ سوہاوہ میں ڈائیلسز یونٹ کا قیام اہل علاقہ کی بنیادی ضرورت اور وقت کا تقاضا ہے جس پر جلد کام شروع ہو جائے گا۔
اجلاس میں محکمہ صحت، بلڈنگ اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔



