جہلم میں ٹریفک پولیس دفتر کے سامنے غیر قانونی طور پر قائم ویگن اسٹینڈ سیل


جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی ہدایت پر اولڈ جادہ روڈ پر ٹریفک پولیس دفتر کے سامنے غیر قانونی طور پر قائم کردہ ویگن اسٹینڈ کو سیل کر دیا گیا۔
ویگن اسٹینڈ نہ صرف ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا کر رہا تھا بلکہ سڑک پر غیر قانونی پارکنگ کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر کوآرڈینیشن حافظ محمد زنیر یونس نے ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس کی ہدایت پر ڈی ایس پی ٹریفک طارق شفیع کے ہمراہ غیر قانونی ویگن سٹینڈ کو سیل کیا۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کا کہنا ہے کہ شہر میں غیر قانونی تجاوزات اور غیر قانونی اسٹینڈز کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، غیر قانونی پارکنگ یا اسٹینڈ بنانے والوں کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے اور کسی بھی خلاف ورزی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہر کی سڑکوں کو تجاوزات سے پاک رکھنے کے لیے مستقل اقدامات کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر اور محفوظ سفری ماحول فراہم ہو۔



