جہلم میں اسپیشل بچوں کے سکول میں آگ لگ گئی، سامان جل کر خاکستر


جہلم میں سپیشل بچوں کے سکول میں آگ لگ گئی، آتشزدگی سے سامان جل کر خاکستر ہو گیا، آگ پر قابو پا لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے علاقہ اسلام پورہ میں قائم اسپیشل بچوں کے ادارہ القاسم انسٹیٹیوٹ میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی۔ آتشزدگی سے سکول کے دو کمروں کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا تاہم سکول انتظامیہ کے بروقت ایکشن لینے سے تمام ٹیچرز اور بچے محفوظ رہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث سکول کے کچن میں لگی اور آگ دو کمروں تک پھیل گئی، اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی فائر بریگیڈ ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پا لیا۔
القاسم انسٹیٹیوٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اساتذہ اور بچوں کو کلاس روم سے نکال کر محفوظ بنا دیا گیا ہے۔ آفس فرنیچر لیپ ٹاپ، کمپیوٹر اور لاکھوں روپے کیش بھی جل کر خاکستر ہوگئی ہے۔



