ڈکیتی و نقب زنی کے وارداتوں میں ملوث 3 رکنی ڈکیت گینگ گرفتار، پونے 2 کروڑ روپے کا مال مسروقہ برآمد


سوہاوہ: تھانہ سوہاوہ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی و نقب زنی کے وارداتوں میں ملوث 3 رکنی ڈکیت گینگ کو گرفتار کر لیا، مال مسروقہ، وارداتوں میں استعمال ہونے والی گاڑی اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے تھانہ کے ایس ایچ او محمد عمران اور ان کی ٹیم نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی و نقب زنی کے وارداتوں میں ملوث عمران ساکن سیالکوٹ، عمیر ساکن ننکانہ صاحب اور راشد ساکن گوجرانوالہ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے ملزمان سے ڈکیتی و نقب زنی کی وارداتوں میں مسروقہ 18 لاکھ روپے سے زائد نقدی و 22 تولے وزنی طلائی زیورات برآمد کر لئے۔
دوران تفتیش ملزمان سے دیگر اضلاع کی وارداتوں کی مسروقہ نقدی مالیتی 14 لاکھ 60 ہزار روپے، طلائی زیورات وزنی 31 تولے، وارداتوں میں استعمال ہونے والی سیاہ رنگ کی ہنڈا کار اور ناجائز اسلحہ پسٹل 9MM و 30 بور معہ ایمونیشن بھی برآمد کر لئے گئے۔
ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ محمد عمران کا کہنا ہے کہ ڈکیت گینگ سے مجموعی طور پر نقدی و زیورات کی برآمدگی کی مالیت کا حجم 1 کروڑ 81 لاکھ روپے ہے، ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں، جنہوں نے ضلع جہلم کے دیگر علاقہ جات اور اسلام آباد میں متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گااور قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے ایس ایچ او سوہاوہ اور ٹیم کو بھرپور شاباش دی، تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈکیت گینگ کی گرفتاری اہم سنگ میل ہے ، جس سے پولیس پر عوام کا اعتماد بحال ہو گا اور ضلع میں امن و امان کی فضاء پروان چڑھے گی۔



