سوہاوہ میں 23 سالہ نوجوان کے اندھے قتل کا معمہ حل، سگا بھائی قاتل نکلا، ساتھی سمیت گرفتار


سوہاوہ پولیس نے 23 سالہ نوجوان کے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے سگے بھائی کو قتل کرنے والے ملزم کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق 18 روز قبل جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقہ کھبل اعوان میں بھینسوں کے ڈیرے کی چھت پر سوئے ہوئے پی ٹی سی ایل کے ملازم 23 سالہ محمد زبیر ولد معشوق حسین کو قتل کرنے والے سگے بھائی ذیشان اور قریبی عزیز عمیر اشرف کو ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ اور انچارج انویسٹی گیشن سوہاوہ پر مشتمل ٹیم نے گرفتار کر لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ذیشان اپنے سگے بھائی کے قتل کے مقدمہ میں مدعی تھا جس نے دوران انٹیروگیشن اپنے حقیقی بھائی کو پسٹل کے فائر سے قتل کرنے کا انکشاف کر لیا۔ ملزم کی نشاندہی پر آلہ قتل پسٹل 30 بور کے علاوہ ایک عدد ریوالور 32 بور، ایک عدد پسٹل 30 بور اور رائفل 12 بور اسلحہ ناجائز بر آمد کر لئے گئے ہیں۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزم ذیشان نے اپنے عزیز اور قریبی دوست عمیر کی ایماء پر اپنے سگے بھائی کو فائر مار کے قتل کیا۔ ملزم عمیر اشرف مقتول کا قریبی رشتہ دار ہے جو تھانہ گوجر خان کے زناء بالجبر کے مقدمہ میں ملزم اشتہاری ہے۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا اور قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔



