اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کا بروقت حل یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں، اشفاق احمد رانا


جہلم: صوبائی محتسب پنجاب کے ریجنل دفتر جہلم کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کو محتسب کے قانونی دائرہ کار اور سہولیات کے بارے میں آگاہ کرنے کی مہم جاری ہے۔
اس سلسلے میں اشفاق احمد رانا ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب نے کینیڈا کے شہر ایڈمنٹن میں ”ٹیم پاکستان” کے زیر اہتمام منعقدہ ایک بڑے اجتماع میں شرکت کی اور اوورسیز پاکستانیوں کو دفتر محتسب پنجاب کی خدمات اور شکایات کے حل کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اشفاق احمد رانا نے بتایا کہ محتسب اعلیٰ پنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کا بروقت حل یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں اور اوورسیز کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کے لیے تیز اور مؤثر طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔
انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو محتسب پنجاب کی آن لائن ایپلیکیشن کے بارے میں آگاہ کیا، جس کے ذریعے وہ اپنی شکایات گھر بیٹھے ہی ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے باآسانی درج کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر موجود پاکستانی کمیونٹی نے اس آگاہی مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی بار ہے جب انہیں محتسب پنجاب کے دفتر کی خدمات اور اس کے قانونی اختیارات کے بارے میں معلومات ملی ہیں۔
اجتماع کے شرکاء نے اشفاق احمد رانا کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس معلومات کے بعد وہ اپنے مسائل کے حل کے لیے دفتر محتسب پنجاب سے رجوع کریں گے۔ اوورسیز پاکستانیوں نے صوبائی محتسب پنجاب کی ان کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ان کی شکایات کا بروقت ازالہ ممکن ہو سکے گا۔



