ستھرا پنجاب مہم ضلع جہلم میں نہایت مؤثر طریقے سے جاری ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ضلع جہلم میں ستھرا پنجاب مہم کامیابی سے جاری ہے۔ اس مہم کا مقصد ضلع کے شہری اور دیہی علاقوں کو صاف ستھرا، صحت بخش اور کچرے سے پاک ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ عوام کی فلاح و بہبود اور صحت کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس مہم کے تحت ضلع جہلم کی 11 شہری یونین کونسلز اور 44 دیہاتی یونین کونسلز میں صفائی، نکاسی آب اور کچرے کو ٹھکانے لگانے کا کام تیزی سے جاری ہے، جس میں کل 514 دیہات شامل ہیں۔ پنجاب حکومت نے ستھرا پنجاب پروگرام کا آغاز اس عزم کے ساتھ کیا تھا کہ صوبے کے تمام علاقوں کو صاف ستھرا بنایا جائے گا اور کچرے کو باقاعدگی سے ٹھکانے لگا کر ماحولیاتی آلودگی کو کم کیا جائے گا۔
ضلع جہلم میں اس مہم کے دوران اب تک 44 یونین کونسلوں میں صفائی کا عمل کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے۔ اس مقصد کے لیے 47 لوڈر رکشے اور 204 سینٹری ورکرز کو متحرک کیا گیا ہے، جن کی مدد سے ہزاروں ٹن کچرا اکٹھا کر کے مناسب مقامات پر ٹھکانے لگایا جا چکا ہے۔
اس مہم کے تحت ضلع کی 35 یونین کونسلز میں زیرو ویسٹ کا ہدف حاصل کیا گیا ہے، یعنی ان علاقوں سے کچرے کو مکمل طور پر صاف کیا گیا ہے۔ مزید برآں، 255 مقامات پر کچرے کے ڈھیروں کو صاف کیا گیا اور 44 ڈمپنگ سائٹس کی باقاعدہ صفائی کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر محمد میثم عباس نے اس موقع پر کہا کہ ستھرا پنجاب مہم ضلع جہلم میں نہایت مؤثر طریقے سے جاری ہے اور اس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مہم کے تحت ضلع کے مختلف دیہات کو مثالی بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں تحصیل جہلم کے 4، تحصیل سوہاوہ کے 6، تحصیل دینہ کے 2 اور تحصیل پنڈ دادنخان کے 5 دیہاتوں کو ماڈل ویلج کے طور پر ترقی دی گئی ہے تاکہ ان دیہات میں صحت و صفائی کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جا سکے اور انہیں دیگر دیہات کے لیے نمونہ بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران سیوریج نالوں اور برساتی نالوں کی صفائی بھی باقاعدگی سے جاری ہے تاکہ پانی کے نکاس کو بہتر بنایا جا سکے اور بارشوں کے دوران پانی کی نکاسی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



