مارچ 2025 تک ضلع جہلم کے تمام ہسپتالوں کی تزئین وآرائش مکمل ہو جائے گی، وزیر صحت خواجہ عمران نذیر

جہلم: صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر کا ڈی سی جہلم سیدہ رملہ علی کے ہمراہ رات گئے ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم کا دورہ، مختلف وارڈز میں سہولیات کا جائزہ لیا، عملہ کو تنخواہیں نہ ملنے پر برہمی کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر پنجاب خواجہ عمران نذیرنے رات گئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی، ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر توقیر اور دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے گائنی، بچہ وارڈ، کارڈیالوجی، ایمر جنسی اور فارمیسی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے محکمہ صحت کے افسران سے طبی سہولیات بارے آگاہی حاصل کی، گائنی وارڈ میں کم سہولیات پر ڈی سی جہلم سیدہ رملہ علی کو فوری ایکشن لینے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر ہسپتال کے عملہ صفائی نے صوبائی وزیر کو تنخواہیں نہ ملنے کی شکایت کی، صوبائی وزیر صحت کا جینیٹوریل، سکیورٹی سٹاف کو تنخواہیں نہ ملنے پر اظہار برہمی کیا اور ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی کو 48 گھنٹے میں تنخواہیں ادا کرانے کی ہدایت بھی کی۔

صوبائی وزیر نے مریضوں اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان کی شکایات اور تجاویز سنی،انہوں نے ہسپتال کے تین ماہ کا مریضوں کا ریفرل ریکارڈ طلب کرلیا۔

اس موقع پر وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں تمام سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کا عزم ہے مارچ 2025تک ضلع جہلم کے تمام ہسپتالوں کی تزئین وآرائش مکمل ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دورے میں جو شکایات سنی گئیں ہیں ان پر عمل درآمد کیلئے انتظامیہ کو ایک ماہ کا وقت دیا ہے ایک ماہ بعد میں خود دوبارہ دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لوں گا۔

تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button