دینہ میں ڈاکوؤں نے بیکری مالک اور اسکے دوستوں کو لوٹ لیا، مزاحمت پر شہری اور ڈاکو شدید زخمی

دینہ میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر بیکری مالک اور اس کے دوستوں کو لوٹ لیا، مزاحمت پر گولی لگنے سے ایک شخص اور ڈاکو شدید زخمی ہو گئے۔ ڈاکو لاکھوں روپے نقدی اور قیمتی موبائل فونز چھین کر فرار ہو گئے، تھانہ منگلا کینٹ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات جہلم کی تحصیل دینہ میں منگلا روڈ پر مدوکالس کے مقام پر دو موٹرسائیکلوں پر سوار تین نوجوان ڈاکو شالیمار بیکرز میں داخل ہو کر بیکری کے مالک چوہدری نعیم شہزاد اور اس کے دوستوں کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر ساڑھے چار لاکھ روپے نقدی اور دو عدد قیمتی موبائل فونز چھین لئے۔
ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ماجد خان نامی شخص شدید زخمی ہو گیا جبکہ فائرنگ سے ڈاکوؤں کا اپنا ساتھی بھی شدید زخمی ہو گیا تاہم ڈکیتی کے بعد ڈاکو موٹرسائیکلوں پر دینہ شہر کی جانب فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
زخمی شہری کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی انتہائی حالت تشویشناک ہونے پر راولپنڈی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ اور تھانہ منگلا کینٹ پولیس موقع پر پہنچ گئی، تھانہ منگلا کینٹ پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کر کے بیکری مالک کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا اور نامعلوم ڈاکوؤں کی تلاش شروع کر دی۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



