این ایچ اے کی عدم دلچسپی، جہلم میں جی ٹی روڈ گڑھوں میں تبدیل، مسافروں کو مشکلات کا سامنا

جہلم: این ایچ اے کی عدم دلچسپی، جی ٹی روڈ جہلم گڑھوں میں تبدیل ہو گئی، مسافروں کو مشکلات کا سامنا جبکہ شہریوں کی قیمتی گاڑیاں کھٹارہ بننے لگیں، این ایچ اے نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل سے لا تعلقی اختیار کر لی۔
تفصیلات کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث جی ٹی روڈ جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ اور خستہ حالی کا شکار ہوچکی ہے، جی ٹی روڈ پر چلنے والی گاڑیوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
جی ٹی روڈ پر سفر کرنے والے ٹرانسپورٹرز و مسافروں نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عرصہ دراز سے جی ٹی روڈ کی مرمت اور دیکھ بھال نہیں کی گئی جبکہ حالیہ بارشوں سے دریائے جہلم پل سے مسہ کسوال کے درمیان متعدد مقامات پر جی ٹی روڈ گڑھوں میں تبدیل ہو کرخستہ حالی کا شکار ہو چکی ہے۔
مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ چھاؤنی چوک، جادہ، پیر شہاب، دینہ اور سوہاوہ کے مختلف مقامات پر سڑک کی دونوں سائیڈ زمین میں دھنس چکی ہیں۔ این ایچ اے انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ فی الفور جی ٹی روڈ کی مرمت کی طرف توجہ دے کیونکہ این ایچ اے انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر جی ٹی روڈ پر قائم ٹول پلازوں سے لاکھوں کروڑوں روپے ٹیکس کی مد میں وصول کر رہے ہیں ، لیکن جی ٹی روڈ پر پھوٹی کوڑی بھی نہیں لگائی جارہی۔
شہریوں اور ٹرانسپورٹرز نے وزیراعظم پاکستان اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ این ایچ اے کے ارباب اختیار کو جی ٹی روڈ کی تعمیر و مرمت کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہریوں کے مسائل کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



