جہلم میں موسم بہار کی پہلی شجرکاری مہم کا آغاز

جہلم میں موسم بہار کی پہلی شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا۔ محکمہ جنگلات اور سماجی تنظیمیں عوام میں شجرکاری کی اہمیت کو فروغ دینے کے لئے ضلع کے مختلف مقامات پر عوام میں مفت پودے بھی تقسیم کریں گے جبکہ اندرون ِ شہر کے مختلف مقامات پر پھولدار، پھلدار ، سایہ دار پودے لگائے جائیں گے، بجوالہ جنگل میں 20 ہزار پودے لگائے گئے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ جنگلات کی جانب سے شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیاہے۔ محکمہ جنگلات عوام میں شجرکاری کی اہمیت کو فروغ دینے کے لئے شہری، سماجی، رفاعی اور فلاحی تنظیموں کے تعاون سے مختلف مقامات پر گرین پوائنٹس قائم کئے جارہے ہیں جہاں سے شہریوں کو مختلف پودے تقسیم کئے جائیں گے۔پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت ضلع بھر کے مختلف مقامات پر پودے لگائے جائیں گے۔
جعمرات کے روز بجوالہ جنگل میں سکولوں کے طلباء اور شہری تنظیموں کے جوانوں نے 20 ہزار کے قریب پودے لگائے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع جہلم کے مختلف مقامات پر پھولدار ، پھلدار ،سایہ دار پودے لگائے جارہے ہیں۔ ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ممکن ہو اور صاف ستھرا ماحول میسر آسکے۔



