مہنگی بجلی اور ٹیکسوں کیخلاف ضلع جہلم میں تاجروں کی ہڑتال ، کاروباری مراکز بند

جہلم: بجلی کے بھاری بلوں اور ٹیکسوں کیخلاف ضلع جہلم سمیت ملک بھر میں تاجر تنظیموں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔
تاجر تنظیموں کی ہڑتال کے باعث ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈدادنخان میں کاروباری مراکز بند ہیں اور ہڑتال کے پیش نظر کچھ علاقوں میں اسکول بھی بند کر دیئے گئے ہیں۔
مختلف سیاسی جماعتوں نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ضلع جہلم میں بڑے تجارتی مراکز ،شاپنگ مارٹ، مارکیٹس، ہول سیل، آڑھت منڈیاں بھی بند ہیں تاہم بیکرز، میڈیکل اسٹورز اور پیٹرول پمپ کھلے ہیں۔
ضلع بھر میں تعلیمی ادارے اور ڈسٹرکٹ کچہری بھی کھلے ہیں۔ مختلف علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔
عوامی اور کاروباری حلقوں نے حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بجلی کے بلوں اور دوکانداروں پر ظالمانہ ٹیکس لگا دیئے ہیں جس کی وجہ سے عوام اور تاجروں کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔ کاروبار کرنا اور بچوں کا پیٹ پالنا مشکل ہو گیا ہے۔
تاجر برادری کا مطالبہ ہے کہ تاجروں ، صنعتکاروں اور شہریوں پر عائد ٹیکسز ختم کرکے بجلی کی قیمتوں میں کمی لائی جائے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



