عوامی مسائل میرٹ پر حل کر رہے ہیں، پولیس سٹی چوکی دینہ کو تھانہ کا درجہ دیا جائے گا؛ ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ

دینہ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ کا پولیس سٹی چوکی دینہ میں کھلی کچہری کا انعقاد، ڈی پی او جہلم نے آنے والے سائلین کے مسائل سنے اور موقع پر ہی انہیں حل کرنے کے احکامات جاری کیے ۔
تفصیلات کے مطابق منگل کے روز ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے پولیس سٹی چوکی دینہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
ڈی پی او جہلم نے عوامی مسائل سننے کے بعد فوری طور پر انہیں حل کرنے کے لیے ایس ایچ او تھانہ دینہ احسان شاہ اور انچارج پولیس سٹی چوکی دینہ ساجد بٹ کو احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے پولیس سٹی چوکی دینہ کو بہت جلد تھانہ کا درجہ دے دیا جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ ڈی ایس پی کے دفتر کے قیام کے لیے بھی بہت جلد منظوری ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کو میرٹ پر حل کر رہے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور آئی جی پنجاب کی ہدایت پر عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے کھلی کچہریاں لگائی جا رہی ہیں۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ کھلی کچہری میں پیش آنے والے شہریوں کی درخواستوں کا ریکارڈ آن لائن سافٹ ویئر کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم پر رکھا جاتا ہے اور مقررہ کردہ ٹائم لائن پر ان درخواستوں پر متعلقہ افسران سے فالو اپ لیا جاتا ہے، متعلقہ افسران کی جانب سے کاروائی کو ہر ممکن یقینی بنایا جاتا ہے ۔
قبل ازیں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے تھانہ منگلا کینٹ میں بھی کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں اہل علاقہ کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ کھلی کچہری میں لوگوں نے اپنے تمام مسائل بتائے جن پر فوری کارروائی کے احکامات صادر کرتے ہوئے موقع پر ہی انکے حل کے احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ پبلک سروس ڈلیوری کے معیار کو بہترین بنانا جہلم پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، اگر کسی بھی شخص کو مقامی پولیس کے رویہ یا تفتیش پر اعتراض ہو تو وہ براہ راست مجھ سے رابطہ کر سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



