جہلم میں لاپتہ ہونے والا پانچ سالہ بچہ بے دردی سے قتل، گردن کٹی لاش جھاڑیوں سے برآمد

جہلم کے علاقہ کوٹھا پرانا میں لاپتہ ہونے والے پانچ سالہ بچے کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر بے دردی سے قتل کر دیا گیا، بچے کی لاش جھاڑیوں سے مل گئی، پولیس نے لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں تھانہ کالا گجراں کے علاقہ کوٹھا پرانا میں گزشتہ شام سے لاپتہ ہونے والے پانچ سالہ بچے عثمان کی لاش ویران مقام پر جھاڑیوں کے قریب سے مل گئی، پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کردیا۔
پولیس کے مطابق مقتول عثمان گھر کے باہر کھیلتے ہوئے اچانک لاپتہ ہوگیا تھا اور بچے کی گمشدگی کے اعلانات بھی مساجد میں کروائے گئے تھے۔ مقتول عثمان کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر بے دردی سے قتل کیا گیا ہے۔
اطلاع ملتے ہی ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ، ڈی ایس پی سٹی موقع پر پہنچ گئے، کرائم سین یونٹ کی مدد سے شواہد اکھٹے کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہیومن ریسورس کی مدد سے درندہ صفت قاتل کو جلد ٹریس کر کے گرفتار کر لیں گے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



