جہلم پولیس عوام کی خدمت اور امن و امان کے قیام کیلئے ہمہ وقت متحرک ہے، ڈی پی او شفیق احمد چوہدری

پنڈدادنخان: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے ڈی ایس پی پنڈدادنخان کے دفتر میں انجمن تاجران اور امن کمیٹی پنڈدادنخان کے ممبران کے ساتھ اہم اجلاس منعقد کیا۔
اجلاس کے دوران امن و امان کی مجموعی صورتحال، بازاروں اور تجارتی مراکز کی سکیورٹی، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور باہمی تعاون کو فروغ دینے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم نے تاجروں اور امن کمیٹی کے ممبران پر زور دیا کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں اور اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور شہریوں کے باہمی تعاون سے ہی جرائم کا مؤثر سدباب ممکن ہے۔
اجلاس میں انجمن تاجران اور امن کمیٹی کے ممبران نے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے امن و امان کے قیام کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
قبل ازیں ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے تھانہ پنڈدادنخان اور تھانہ للِہ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے تھانوں کی عمارت، فرنٹ ڈیسک، حوالات، ریکارڈ روم، وی ایس او روم، ایس ایچ او روم، محرر دفتر اور کوت کا تفصیلی معائنہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت کی۔
وزٹ کے دوران ڈی پی او جہلم نے موجودہ ملکی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے افسران کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ حساس مقامات، عبادت گاہوں، اہم تنصیبات اور عوامی مقامات پر گشت بڑھایا جائے، مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے اور فوری رسپانس کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس جہلم عوام کی خدمت اور امن و امان کے قیام کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے اور تمام افسران و اہلکار اپنی ڈیوٹی پیشہ ورانہ مہارت اور ذمہ داری کے ساتھ سرانجام دیں تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
بعد ازاں ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے دفتر ٹریفک پولیس پنڈدادنخان کا بھی دورہ کیا اور ٹریفک عملے کو ہدایت کی کہ شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے، بغیر نمبر پلیٹ گاڑی چلانے اور سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی ہدایت بھی جاری کی۔
ڈی پی او جہلم نے دفتر کی صفائی ستھرائی اور ریکارڈ کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
اسی دوران ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے پولیس خدمت مرکز پنڈدادنخان کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے دفتر کے ریکارڈ اور عمارت کا تفصیلی جائزہ لیا اور صفائی ستھرائی بہتر بنانے اور شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے عملے کو ہدایت دی کہ خدمت مراکز میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور انہیں بروقت تمام سہولیات فراہم کرتے ہوئے حکومت پنجاب کے ویژن کو عملی شکل دیں۔
ڈی پی او جہلم کا کہنا تھا کہ پولیس فارمیشنز کی کارکردگی جانچنے کے لیے سرپرائز وزٹس کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔



