سوشل میڈیا پروپیگنڈے پر سخت کارروائی ہوگی، یو اے ای کے قونصل جنرل نے پاکستانیوں کو خبردار کردیا


متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے پاکستانیوں کو خبردار کیا ہے کہ خلیجی ممالک سے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے پاکستانیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایسے لوگ جو سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ کریں گے ان کے خلاف فوری سخت کاروائی ہوگی، ڈیپورٹیشن، عمرقید اور سخت سزائیں دی جائیں گی، پاکستانیوں کوبرادرانہ مشورہ ہے جس ملک میں رہیں قوانین کی پابندی کریں۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یو اے ای میں 18 لاکھ سے زائد پاکستانی موجود ہیں اور پاکستان کے چاروں صوبوں سے ویزے جاری کیے جاتے ہیں، یو اے ای میں مقیم یا وزٹ پر جانے والے پاکستانیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا دیکھنے میں آیا جس پر ان میں سے بڑی تعداد کو گرفتار کیا گیا اور کئی کو 14 سے 15 سال کی سزائیں ہوئیں، اس جرم میں 5 سے زائد پاکستانیوں کو عمر قید سزائیں سنائی گئیں، بیشتر کو ملک سے بے دخل بھی کر دیا گیا، ایسے پاکستانی تا حیات خلیجی ممالک کے ویزوں کے حصول میں ناکام رہیں گے۔
بخیت عتیق الرومیتی کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں رہنے والے افراد پاکستان اور اس کے اداروں یا سیاستدانوں کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے سے ہرگز باز رہیں، یو اے ای یا خلیجی ممالک میں رہتے ہوئے ہوشیار رہیں، کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں اور سوشل میڈیا پر اپنے ملک کے خلاف کوئی پروپیگنڈا نہ کریں، نہ ہی کسی منفی پروپیگنڈے کو اپنے پیجز پر شیئر کریں اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو ان کے خلاف قوانین کے مطابق سخت کاروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یو اے ای میں مقیم کوئی پاکستانی اگر فیس بک یا دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر منفی پوسٹ کو شیئر یا لائیک بھی کرتا ہے تو یو اے ای میں رہتے ہوئے اس کا پیج بھی بند کر دیا جائے گا جب کہ پاکستان میں ایسے پروپیگنڈے میں ملوث شہریوں کو بھی ویزوں کے حصول میں چھان بین کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اس لیے پاکستانی شہریوں کو مشورہ ہے کہ وہ یو اے ای اور دیگر ممالک کے قوانین کی پاسداری کریں۔



