جہلم میں اے این ایف کےتین اہلکاروں کو شہید کرنے والے دو ملزمان مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

جہلم میں اے این ایف کےتین اہلکاروں کو شہید کرنے والے دو ملزمان مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے۔ ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کا نوٹس، ڈی ایس پی صدر سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ڈومیلی موڑ کے قریب اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے تین اہلکاروں کو شہید کرنے والے زیر حراست دو ملزمان تھانہ دینہ کے علاقہ میں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ملزم قاسم علی اور بلال حیدر کو اسلحہ برآمدگی کے لئے لے کر جایا جارہا تھا کہ دینہ کے علاقہ متیال کے نزدیک زیر حراست ملزمان کو چھڑانے کے لئے ان کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پولیس کی حراست میں دونوں ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔

ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان گجرات کے رہائشی ہیں، زیر حراست ملزمان کے ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، جاں بحق ہونے والے دونوں ملزمان کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزمان نے 12جون کو ڈومیلی موڑ کے قریب اے این ایف کی گاڑی پر فائرنگ کر کے تین اہلکاروں کو شہید کردیا تھا۔ ملزمان کو ایران جاتےہوئے گوادر سے گرفتار کیا گیا تھا۔

ملزمان انتہائی خطرناک اور قبل ازیں سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی صدر پولیس نفری کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچ گئے، فرار ملزمان کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے۔

تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button