حکومت مساجد ومدارس کومفت سولر فراہم کرے، سید خلیل حسین کاظمی

جہلم: انجمن تعلیم السلام شمالی محلہ کے مہتمم سید خلیل حسین کاظمی نے کہاہے کہ حکومت مساجد ومدارس کومفت سولر فراہم کرے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے بجلی صارفین کیلئے آسا ن اقساط پرسولرپینلز کی فراہمی کااعلان خوش آئندہے۔معاشرے کی اصلاح اورتعلیم کے فروغ کیلئے مساجدومدارس اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مساجد میں نماز اداکرنیوالے ہالزاورمدارس کے کلاس رومزمیں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کیلئے سولر پینلز مفت فراہم کئے جائیں تاکہ عبادات کی ادائیگی اوردینی تعلیم کاحصول یکسوئی کیساتھ ہوسکے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی 100 دنوں کی حکومتی کارکردگی غیر تسلی بخش ہے اشیاء خوردونوش سمیت اشیاء ضروریہ کے نرخوں میں تاحال کسی قسم کی کمی واقع نہیں ہوئی۔
سید خلیل حسین کاظمی نے کہا کہ امید ہے کہ موجودہ حکومت ملک وقوم کی مسائل کی دلدل سے نکالنے میں کامیا ب ہوجائے گی۔تعلیم وصحت، آئی ٹی کی ترقی نیزمہنگائی کی روک تھام کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز اوران کی ٹیم کی کاوشیںقابل ستائش ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ قوموں کا عروج و زوال تعلیم سے وابستہ ہے، دینی و دنیاوی تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، دنیا کے دوسرے ممالک سے مقابلہ کرنے کے لیے دینی و دنیاوی تعلیم انتہائی ضروری ہے۔ ، جدید تعلیم کا حصول انتہائی اہم ہے کیونکہ تعلیمی ترقی کے بغیر کوئی قوم خوشحالی کی منازل طے نہیں کر سکتی۔خواتین اور نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کرنا بھی وقت کی اشد ضرورت ہے ۔



