جہلم میں پانچ روزہ سپورٹس فیسٹیول کامیابی سے اختتام پذیر، کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کئے

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ جہلم کے زیر اہتمام گزشتہ ماہ 24 سے 28 جون تک جاری رہنے والا پانچ روزہ سپورٹس فیسٹیول کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا۔

اس فیسٹیول کا مقصد نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا تھا۔ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پائنز کرکٹ کلب اور سوہاوہ الیون کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا، جس میں پائنز کرکٹ کلب نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے فتح حاصل کی۔ فٹ بال کے میچ میں ٹائیگر فٹبال کلب نے پنڈدادنخان فٹبال کلب کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔

کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا اور میدان میں موجود تماشائیوں کو خوب محظوظ کیا۔ سپورٹس فیسٹیول کے دوران دیگر کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کیے گئے، جن میں کراٹے، ہاکی اور بیڈمنٹن شامل تھے۔ کراٹے کی مختلف کیٹیگریز کے مقابلے میں نوجوان کھلاڑیوں نے اپنی مہارت اور تکنیک کا شاندار مظاہرہ کیا۔ ہاکی ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا اور چک جمال ہاکی کلب نے فائنل میں کامیابی حاصل کی۔

اسی طرح بیڈمنٹن کے مقابلے میں گیارہ ٹیموں نے شرکت کی اور دینہ کی ٹیم نے فائنل میچ جیت کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ سپورٹس فیسٹیول کے دوران تمام مقابلے شائقین کی توجہ کا مرکز رہے، تمام کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا۔

ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی نے تمام ایونٹس میں بذات خود فیلڈ میں موجود رہ کر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ آئندہ بھی ایسے فیسٹیولز کا انعقاد کرتی رہے گی تاکہ نوجوانوں کو صحت مند تفریح کے مواقع میسر آسکیں ۔

فیسٹیول کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی نے جیتنے والی ٹیمز اور مختلف کھیلوں کے بہترین کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور ان کی محنت کی تعریف کی۔

شرکاء نے سپورٹس فیسٹیول کو خوب سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے ایونٹس کا انعقاد ہوتا رہے گا۔ اس طرح کے ایونٹس نہ صرف نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں میں مصروف رکھتے ہیں بلکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی کا باعث بنتے ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button