جہلم: ڈاکوؤں نے نجی کمپنی کے سیلز مین سے 14 لاکھ روپے لوٹ لئے، مزاحمت پر سیلز مین زخمی

جہلم میں دن دیہاڑے ڈکیتی، ڈاکوؤں نے نجی کمپنی کے سیلز مین سے 14 لاکھ روپے لوٹ لئے، مزاحمت پر ڈاکوؤں نے سیلز مین کو گولی مار کر زخمی کر دیا، ڈکیتی کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جہلم میں جادہ سٹاپ کے قریب تین موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے بسکٹ سپلائی کرنے والی نجی کمپنی کے کی گاڑی کو روک کر سیلز مین حسن اقبال سکنہ کالا گجراں سے گن پوائنٹ پر 14 لاکھ روپے لوٹ لئے۔
ڈاکوؤں نے مزاحمت پر گاڑی کے ڈرائیور سیلز مین کو ٹانگ میں گولی مار کر زخمی کردیا اور 14 لاکھ روپے نقدی لوٹ کر باآسانی موٹرسائیکل پر سوار ہو کر فرار ہو گئے۔
جہلم میں گزشتہ روز ہونے والی دن دیہاڑے ڈکیتی کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ ویڈیو میں تین مسلح ملزمان کو بسکٹ سپلائی والی گاڑی کو روک کر لوٹ مار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ڈکیتی کا مقدمہ تھانہ سٹی میں تین نامعلوم افراد پر درج کر لیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو جلد گرفتار کر لیں گے۔



