منفرد تصویری نمائش، متنوع ثقافت کا حامل بریڈ فورڈ کلچر سٹی آف یو کے کے طور پر منتخب

بریڈفورڈ: بریڈفورڈ جو 2025 کیلئے UK City of Culture کے طور پر منتخب کیا گیا ہے، اپنی متنوع ثقافت، تاریخ اور کمیونٹی کے انوکھے پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف تقریبات اور منصوبوں کا مرکز بن گیا ہے اس سلسلے میں حال ہی میں ایک منفرد تصویر نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس نے بریڈفورڈ کے ایک مخصوص علاقے، BD7، کی تاریخ اور لوگوں کی ثقافتی وراثت کو نمایاں کیا یہ تصویر ی نمائش ”بیک ٹو دی فیوچر بریڈفورڈ“کے عنوان سے کی گئی اور اس کی قیادت ایک باپ اور بیٹی کی باصلاحیت جوڑی، حنا ماجد اور عبدالماجد عرف (جورجی ماجد )نے کی یہ دونوں نہ صرف مقامی علاقے کی تاریخ بلکہ وہاں رہنے والے لوگوں کی زندگیوں اور ثقافت کے بدلتے پہلوؤں کو نمایاں کرنے میں کامیاب رہے۔ حنا، جو ایک فوٹوگرافر ہیں نے اپنے کیمرے کے ذریعے BD7کی عمارتوں، گلیوں اور سماجی تبدیلیوں کو قید کیا، جب کہ ان کے والد نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے انہیں رہنمائی فراہم کی نمائش میں پاکستان قونصلیٹ کے اتاشی سرفراز احمد ، کونسلر جوان ڈووڈ، کونسلر ناظم اعظم ، کونسلر جبار ، قاضی اشتیاق ، رفیق سہگل ، محمد سلیم ، جاوید ، اورنگ زیب ، آصف خان ، طفیل احمد ، ڈاکٹر جاوید بشیر ، راجہ مہربان صوفیہ بونسی ، اور کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔یہ نمائش نہ صرف تصاویر کا ایک مجموعہ تھی بلکہ ایک کہانی تھی جو علاقے کی تاریخی اہمیت، بدلتے معاشرتی پہلوؤں، اور وہاں بسنے والے لوگوں کے تجربات کو بیان کرتی ہے۔ نمائش میں موجود تصاویر نے اس علاقے کی تعمیرات، گلیوں، اور رہنے والوں کے طرزِ زندگی کو منفرد انداز میں پیش کیا، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وقت کے ساتھ کس طرح BD7کا علاقہ تبدیل ہوا اور اس کی سماجی و ثقافتی پہچان مضبوط ہوئی یہ پروجیکٹ خدمتی سینٹرز اور دی لیپ کی مالی معاونت سے ممکن ہوا۔ دی لیپ، جو مقامی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کیلئے کام کرتی ہے، نے اس پروجیکٹ کو ان سات منصوبوں میں شامل کیا جنہیں مقامی لوگوں کے تخلیقی خیالات کو پروان چڑھانے کیلئے سپورٹ کیا جا رہا ہے۔ اس پروجیکٹ کا مقصد نہ صرف مقامی ٹیلنٹ کو مواقع فراہم کرنا ہے بلکہ کمیونٹی کے اندر ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینا بھی ہے بریڈ فورڈ کو 2025 میں UK City of Culture کا اعزاز ملنا ایک بڑے فخر کی بات ہے، اور اس طرح کے منصوبے اس اعزاز کو مزید نمایاں کرتے ہیں۔ یہ نمائش نہ صرف مقامی ثقافت اور تاریخ کو محفوظ کرنے کا ایک ذریعہ ہے بلکہ بیرونی دنیا کو بریڈفورڈ کی متنوع ثقافتی پہچان سے روشناس کرانے کا ایک موثر پلیٹ فارم بھی ہے بریڈفورڈ کی یہ ثقافتی ترقی نہ صرف مقامی کمیونٹی کو ایک شناخت فراہم کرتی ہے بلکہ اس علاقے کو عالمی سطح پر ایک نمایاں مقام دلانے میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔



