ستھرا پنجاب مہم کے تحت جہلم شہر کی ہر گلی، محلے اور بازار میں صفائی کا کام جاری ہے، ڈپٹی کمشنر میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے ستھرا پنجاب مہم کے تحت شہر میں جاری صفائی آپریشن کا جائزہ لینے کے لیے شاندار چوک اور اکرم شہید روڈ کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے صفائی عملے سے ملاقات کی اور آپریشن کی تفصیلات حاصل کیں۔
ڈی سی میثم عباس نے موقع پر موجود عملے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ "ستھرا پنجاب مہم” کے تحت شہر کی ہر گلی، محلے اور بازار میں صفائی کا کام جاری ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام سینٹری ورکرز اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا عملہ اپنی ذمہ داریاں مکمل ایمانداری، تندہی اور جذبے کے ساتھ ادا کرے تاکہ شہر کی صفائی اور خوبصورتی میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ صفائی کے عمل میں تعاون کریں اور شہر کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔



