جہلم میں مکھیوں اور مچھروں کی بھرمار، فوگ اسپرے نہ ہونے پر عوام سراپا احتجاج

جہلم شہر اور گردونواح کے علاقوں میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی مکھیوں اور مچھروں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، جس نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ مکھیوں اور مچھروں کی بھرمار نے نہ صرف دن کا سکون چھین لیا بلکہ بچوں اور بڑوں کی راتوں کی نیندیں بھی اڑا دی ہیں۔
محکمہ صحت اور تحصیل میونسپل کمیٹی کی جانب سے ابھی تک کسی قسم کا فوگ اسپرے یا جراثیم کش مہم کا آغاز نہیں کیا گیا، جس کے باعث شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گھروں، دکانوں اور گلی محلوں میں سپرے کرنا شروع کر دیا ہے، جبکہ رات کے وقت مچھر مار کوائل، الیکٹرک لیمپ اور مختلف اسپرے کا استعمال عام ہو چکا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مکھیاں اور مچھر مختلف بیماریوں خصوصاً ڈینگی، ملیریا اور دیگر جلدی و پیٹ کی بیماریوں کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتے ہیں، لیکن متعلقہ اداروں کی غفلت سے حالات مزید بگڑتے جا رہے ہیں۔
عوامی و سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر جہلم شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں فوگ اسپرے مہم کا آغاز کیا جائے تاکہ شہریوں کو ممکنہ بیماریوں سے بچایا جا سکے اور ان کا سکون بحال کیا جا سکے۔



