پنڈدادنخان میں فائرنگ کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے والا ملزم گرفتار

پنڈدادنخان: ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان اور پولیس ٹیم کی کامیاب کارروائی، شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں پولیس تھانہ پنڈدادنخان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے والے ملزم اعجاز احمد کو حراست میں لے لیا۔ دورانِ کارروائی ملزم کے قبضے سے 44 بور کی رائفل معہ ایمونیشن برآمد کی گئی۔
ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ ہوائی فائرنگ اور عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ قانون کو ہاتھ میں لینے والے ملزمان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا تاکہ علاقے میں امن و امان قائم رہے۔



