سوہاوہ میں شہری سے موٹرسائیکل چھیننے والے 3 ملزمان گرفتار، موٹرسائیکل اور اسلحہ برآمد

سوہاوہ: پولیس نے موٹرسائیکل چھیننے کی واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے چھینی گئی موٹرسائیکل اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ اور ٹیم نے اہم کارروائی کرتے ہوئے شہری سے گن پوائنٹ پر موٹرسائیکل اور موبائل فون چھیننے والے تین ملزمان اویس، زیبی اور کاشی ڈیول کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے رات کے وقت اسلحہ کی نوک پر شہری کو ڈرا دھمکا کر موٹرسائیکل اور موبائل فون چھین لئے تھے، ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گااور قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
اس حوالے سے ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور مال مسروقہ کی برآمدگی اہم سنگ میل ہے، شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثہ جات سے محروم کرنے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔



