جہلم پولیس کا ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی، 391 افراد کی چیکنگ

جہلم پولیس نے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی کا آغاز کیا۔ ضلعی پولیس کی جانب سے 15 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران مجموعی طور پر 391 افراد کو چیک کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سرچ آپریشنز کے دوران شہریوں کی شناخت پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے ویریفائی کی گئی جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی سپیشل ناکہ بندی اور چیکنگ کی گئی۔ اس اقدام کا مقصد مجرمان، اشتہاری افراد اور سماج دشمن عناصر کی گرفتاری کے ساتھ ساتھ اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانا ہے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے بتایا کہ سرچ آپریشنز کا مقصد ناجائز اسلحہ اور منشیات کی برآمدگی، سماج دشمن عناصر کی سرکوبی اور شرپسندوں کو اپنے مذموم عزائم پر عمل پیرا ہونے سے روکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت اولین ترجیح دیتی ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے تعاون سے سرچ آپریشنز کو مؤثر بنانے میں مدد کریں اور سڑکوں پر قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ ضلع میں امن و امان قائم رہے۔



