جہلم میں پٹوار خانوں کی غلطیوں کا خمیازہ سائلین بھگتنے لگے

جہلم: پٹوار خانوں کی غلطیوں کا خمیازہ سائلین بھگتنے لگے، پٹواری فرد بدر جاری کرنے کے ہزاروں روپے بٹورلیتے ہیں جبکہ رشوت نہ دینے والے سائلین کو کئی کئی ماہ زلیل کیا جاتا ہے۔
ضلع جہلم کے سائلین نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ مال کے پٹواریوں کی غلطیوں کی درستگی کے ہزاروں روپے جوکہ رشوت کی مد میں ہوتے ہیں مالکان کو ادا کرنا پڑتے ہیں ، محکمہ مال کے ریکارڈ میں غلطی کرنے والے پٹواریوں کو جرمانہ اور سزادی جانی چاہئے۔
سائلین کا کہنا تھا کہ غلطیوں کی اصل وجہ پٹواریوں نے پٹوار خانوں میں ان پڑھ نا تجربہ کار منشی بٹھائے ہوئے ہیں ، جو اپنی بھی دیہاڑیاں لگا رہے ہیں اور پٹواریوں کے معاملات بھی منشی طے کرتے ہیں ، اس طرح سرکاری ریکارڈ بھی محکمہ مال کے پٹواریوں نے منشیوں کے حوالے کررکھا ہے ۔ پٹواری مک مکا کے لئے مخصوص وقت میں پٹوار خانوں میں آتے ہیں اس کے علاوہ سارا دن منشی پٹواریوں کی ڈیوٹیاں سرانجام دیتے دکھائی دیتے ہیں۔
سائلین کا کہنا ہے کہ فرد بدر جاری کرنے کا منشیوں نے 20 ہزار روپے ریٹ مقرر کررکھا ہے ، حالانکہ محکمہ مال کے ریکارڈ میں غلطی کرنے والے سائلین نہیں بلکہ پٹواری اور ان کے کارندے ہوتے ہیں۔
سائلین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ، چیف سیکرٹری پنجاب، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سے مطالبہ کیاہے کہ پٹوار خانوں میں ریکارڈ غلط تحریرکرنے والے پٹواریوں کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ پٹواریوں کی سزا سائلین کو نہ بھگتنا پڑے۔



