جہلم میں خاتون سمیت چار افراد کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا

جہلم میں خاتون سمیت چار افراد کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا، پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق جہلم میں تھانہ کالا گجراں کے علاقے کوٹھا پرانا میں ایک ڈیرے سے خاتون سمیت چار افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں جنہیں تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ گزشتہ رات پیش آیا۔
ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولین غیر مقامی افراد تھے جو مذکورہ ڈیرے پر رہائش پذیر تھے۔ تاہم قتل کی وجوہات اور دیگر حقائق کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ اصل صورتحال پوسٹ مارٹم رپورٹ اور مزید تفتیش کے بعد واضح ہو سکے گی۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔



