سرویکل کینسر کے خاتمے کیلئے حکومت نے 12 روزہ ویکسینیشن مہم شروع کر دی ہے، مشیر صحت ڈاکٹر اظہر کیانی

جہلم: صوبہ پنجاب میں سرویکل کینسر کے خاتمے کے لیے 12 روزہ ویکسینیشن مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد 9 سے 14 سال کی نوجوان بچیوں کو اس خطرناک بیماری سے بچانا ہے۔ یہ ویکسین صوبہ بھر میں بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ محکمہ صحت کا عملہ شہریوں کی رہنمائی اور آگاہی کے لیے بھرپور کام کر رہا ہے۔
مہم کا افتتاح مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر کیانی نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول جادہ میں کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مظہر حیات، سی ای او ایجوکیشن نازیہ شہزادی اور سماجی و سیاسی شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔
ڈاکٹر اظہر کیانی نے کہا کہ بیماری کو بڑھنے سے پہلے روکنا سب سے بہترین حکمت عملی ہے۔ انہوں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی بصیرت اور ویژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بیماری شروع ہونے سے پہلے حفاظتی ویکسینیشن کا انتظام کیا گیا۔ عام حالات میں یہ ویکسینیشن 20 ہزار روپے میں دستیاب ہوتی ہے، لیکن پنجاب حکومت نے اربوں روپے کے اخراجات عوام کی صحت کی بہتری اور بچیوں کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کے لیے خرچ کیے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پنجاب حکومت، وزیراعلی پنجاب اور مشیر صحت پنجاب کی خصوصی توجہ کی شکر گزار ہے، جس کی بدولت ضلع جہلم میں سرویکل کینسر کے پھیلاؤ سے قبل ہی اس کو روکنے کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں محکمہ صحت کا عملہ ضلع بھر کے اسکولوں میں 9 سے 14 سال کی بچیوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنائے گا اور اس ویکسین کے مضر اثرات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مظہر حیات کی زیر نگرانی بچیوں کو ویکسینیشن لگا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔



