14 اگست تجدیدِ عہد کا دن ہے، پاکستان کی حفاظت و ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ سید خلیل حسین کاظمی

جہلم کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے کہا ہے کہ 14 اگست ہمیں اپنے بزرگوں کی لازوال قربانیوں اور جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، پاکستان ایک عظیم نعمت ہے جس کی حفاظت، سلامتی اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

یومِ آزادی کے حوالے سے اپنے خصوصی بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمیں 14 اگست کو صرف جشن کے طور پر نہیں بلکہ تجدیدِ عہد کے دن کے طور پر منانا چاہیے۔ قائداعظم محمد علی جناح کے اصول ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنا کر ہی پاکستان کو مضبوط، مستحکم اور خوشحال بنایا جا سکتا ہے۔

سید خلیل حسین کاظمی نے کہا کہ پاکستان کے قیام کے لیے ہمارے بزرگوں نے بے مثال قربانیاں دیں، اس لیے آزادی کی قدر کرنا اور وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ قومی یکجہتی، باہمی اتحاد اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت اور پسے ہوئے طبقات کے حقوق کی آواز بلند کرنا معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرے کے محروم اور کمزور طبقات کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ملک کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے۔ انہیں معیاری تعلیم، روزگار اور آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک کی تعمیر و ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

سید خلیل حسین کاظمی نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button