ضلع جہلم میں سیلاب کی تباہ کاریاں، سینکڑوں دیہات متاثر، متاثرین کی حکومتی امداد کی اپیل

جہلم: ملک بھر کی طرح جہلم کی تحصیل سوہاوہ، تحصیل جہلم اور تحصیل پنڈدادنخان کو بھی شدید سیلابی ریلوں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ نالہ گھان، نالہ بہناں، نالہ گھنڈر اور نالہ نیلہ وان کے پانی نے ہر طرف تباہی مچا دی، جس کے باعث ملحقہ بستیوں میں شدید جانی و مالی نقصان ہوا اور سینکڑوں دیہات متاثر ہوئے۔

ضلعی انتظامیہ نے مختلف مقامات پر فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر رکھے ہیں جہاں متاثرہ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ بڑی تعداد میں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔

محکمہ صحت کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں طبی امداد فراہم کرنے میں مصروف ہیں جبکہ محکمہ لائیو اسٹاک کا عملہ مویشیوں کے علاج اور دیکھ بھال میں سرگرم عمل ہے۔ ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور پھنسے دیہاتیوں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

ڈومیلی، بڑاگواہ اور مل کھوکھراں سمیت گردونواح کے علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے باعث ندی نالے بپھر گئے۔ سیلابی پانی گھروں میں داخل ہوا، فصلیں تباہ ہوئیں اور مال مویشی پانی میں بہہ گئے، جس سے متاثرہ خاندان بے گھر ہو کر رہ گئے۔

دو روز قبل ہونے والی بارش سے سوہاوہ کے علاقوں مل کھوکھراں، تلیکہ، تھلہ چوہدریاں، نکہ چوہدریاں اور سلہال میں شدید نقصان ہوا۔ تلیکہ میں سات گھروں میں پانی داخل ہونے سے لاکھوں روپے مالیت کا نقصان ہوا، سلہال میں پل ٹوٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ سے گلیاں بند ہو گئیں، بعدازاں ہائی وے کی ٹیموں نے عارضی طور پر راستے بحال کر دیے۔ سیری گھنیال اور بھگوالہ تا کربک پل کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

تھلہ چوہدریاں میں تین دکانوں میں پانی داخل ہونے سے سامان خراب ہو گیا، بھیٹ اور جنوٹ میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں، جبکہ ایک فیملی کا پورا گھر پانی بہا کر لے گیا۔ نکہ چوہدریاں میں دو کمرے اور چاردیواری بہہ گئی جبکہ دو گائیں، دو بھینسیں اور ایک ٹریکٹر بھی پانی کی نذر ہو گئے۔

اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر، ایکسین ہائی وے، ریسکیو، پولیس اور دیگر اداروں کے افسران سارا دن فیلڈ میں موجود رہے اور متاثرہ لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے اور پلوں و سڑکوں کی بحالی کی نگرانی کرتے رہے۔

متاثرین سیلاب نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس اور اسسٹنٹ کمشنر ز سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں کھانے پینے کا سامان اور مالی مدد فراہم کی جائے تاکہ دوبارہ زندگی کی بحالی ممکن ہو سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button