ماحول کو نقصان پہنچانے والی تمام اشیاء کا مکمل بائیکاٹ وقت کی ضرورت ہے، ڈپٹی کمشنر میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا ہے کہ عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم ماحول کو نقصان پہنچانے والی تمام اشیاء خصوصاً پلاسٹک بیگز کا مکمل بائیکاٹ کریں گے۔ پلاسٹک کا استعمال نہ صرف ہمارے قدرتی ماحول کو تباہ کر رہا ہے بلکہ آبی و جنگلی حیات کے لیے بھی مہلک بنتا جا رہا ہے۔

یہ بات انہوں نے محکمہ ماحولیات جہلم کے زیراہتمام نکالی گئی آگاہی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جو ڈی سی آفس سے شروع ہو کر پریس کلب تک جاری رہی۔ ریلی میں سرکاری افسران، سماجی کارکنان، رضاکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ "ہمیں آج یہ عہد کرنا ہے کہ ہم اپنی روزمرہ زندگی سے مضر صحت پلاسٹک بیگز کا استعمال ختم کریں گے اور صرف ماحول دوست بائیو ڈی گریڈایبل شاپنگ بیگز کا استعمال یقینی بنائیں گے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ اگر آج ہم نے ماحول کو محفوظ نہ بنایا تو کل ہمیں غیر متوقع قدرتی آفات جیسے سیلاب، طوفان اور زلزلوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ماحولیاتی تحفظ صرف حکومت کا نہیں بلکہ ہر شہری کا انفرادی فریضہ ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے شرکاء میں بائیو ڈی گریڈایبل بیگز تقسیم کیے اور ماحولیاتی بہتری کے لیے شجرکاری بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ "درخت لگانا اور پلاسٹک کے استعمال میں کمی لانا ہی ہمارے مستقبل کے تحفظ کی ضمانت ہے۔”

ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پلاسٹک کے بجائے ماحول دوست متبادل اپنائیں اور ماحول کی بہتری کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button