دینہ پولیس کا پتنگ بازی کے خلاف ایکشن، سرچ آپریشن کے دوران 2 ملزمان گرفتار

دینہ: پتنگ بازی کی روک تھام کے سلسلے میں جہلم پولیس کی جانب سے جاری مہم کے دوران دینہ پولیس نے مختلف علاقوں میں چھتوں پر سرچنگ کرتے ہوئے پتنگ بازی میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ملزمان پتنگ بازی کر کے قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے تھے، جنہیں دینہ پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے پتنگیں برآمد کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق نئے قانون کے تحت غیر قانونی طور پر پتنگیں تیار کرنے، ذخیرہ کرنے، سپلائی کرنے یا قبضے میں رکھنے پر بھاری جرمانہ اور پانچ سال تک قید کی سزا مقرر کی گئی ہے۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا ہے کہ پتنگ بازی ایک خطرناک اور خونی کھیل ہے، جس کے باعث قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی پی او جہلم نے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔



