پنڈدادنخان کی پسماندگی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، مشیر صحت ڈاکٹر اظہر محمود کیانی

پنڈدادنخان: ضلع جہلم میں پانچ روزہ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا گیا۔ مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے ہیلتھ میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے تحصیل پنڈدادنخان میں خانہ بدوش بستی میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر سابق ممبر صوبائی اسمبلی حاجی ناصر للِہ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر میاں مظہر حیات، اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر مدثر حسین، جنید بشیر فوکل پرسن ویکسی نیشن پروگرام اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
مشیر صحت ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ پولیو کے قطرے صحت مند معاشرے کے حصول کے ضامن ہیں۔ والدین اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر عمر بھر کی معذوری سے بچائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع جہلم میں 2 لاکھ 28 ہزار 908 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 1094 موبائل، 74 فکسڈ اور 24 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر، بس اسٹینڈز، ریلوے اسٹیشن، سکولز، دیہی و بنیادی مراکز صحت اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ افسران اور ایریا انچارجز انسداد پولیو ٹیموں کی نگرانی کریں گے تاکہ مہم کے تمام اہداف کو سو فیصد یقینی بنایا جا سکے۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر صحت ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان میں وہ سہولیات نہیں ہیں جو شہریوں کو میسر ہونی چاہیے۔ شہریوں کو مشکلات میں دیکھ کر شدید دکھ ہوا۔ خستہ حال سڑکوں کے باعث پنڈدادنخان سے مریضوں کی منتقلی مشکل ہو گئی ہے۔ تشویشناک حالت میں مریض منتقلی کے دوران دم توڑ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بحالی یا ہسپتال کی حالت بہتر بنانا ضروری ہے تاکہ مریضوں کو منتقل نہ کرنا پڑے۔ ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈدادنخان کو جدید سہولیات سے آراستہ کریں گے۔ سپیشلسٹ ڈاکٹروں اور عملے کی کمی کو جلد پورا کیا جائے گا۔ کارڈیالوجسٹ جہلم سے پنڈدادنخان ٹرانسفر ہو چکے ہیں، جلد ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
مشیر صحت نے کہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان میں دل کے مریضوں کو تمام ضروری سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ ہر مریض کو منتقل کرنا ضروری نہیں ہوگا، مکمل علاج یہیں ممکن بنایا جائے گا۔ سڑکوں کی خستہ حالت دیکھ کر دلی تکلیف ہوئی۔ میں اور میرا بیٹا ممبر قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی سڑکوں کی بحالی کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ تحصیل پنڈدادنخان کی پسماندگی کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
مشیر صحت نے عوام سے اپیل کی کہ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ بچوں کا محفوظ مستقبل یقینی بنایا جا سکے۔



