ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 72 گھنٹوں میں 854 مقدمات درج، 2 پولیس اہلکار اور ایکسائز انسپکٹر گرفتار

46
جہلم پولیس نے ٹریفک قوانین کے مکمل نفاذ کے لیے 72 گھنٹوں میں بھرپور گرینڈ آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 854 مقدمات درج کر لئے، پنجاب پولیس کے دو اہلکار اور محکمہ ایکسائز کا انسپکٹر بھی گرفتار کر لئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع پولیس جہلم کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف جاری گرینڈ آپریشن کے دوران گزشتہ 72 گھنٹوں میں مجموعی طور پر 854 مقدمات درج کیے گئے۔ ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کیے گئے اس بڑے اقدام کا مقصد محفوظ پنجاب ویژن پر عملدرآمد کو یقینی بنانا اور سڑکوں پر نظم و ضبط برقرار رکھنا ہے۔
گزشتہ تین روز کے دوران 601 افراد کے خلاف بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے پر کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ 72 موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ نہ پہننے پر گرفتار کیا گیا۔ ون وے کی خلاف ورزی پر 135، کم عمر ڈرائیونگ پر 11، کالے شیشے استعمال کرنے پر 20، فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑی چلانے پر 5، سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر ایک اور اضافی لوڈنگ کرنے کے الزام میں 9 مقدمات درج کیے گئے۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر دو پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی مقدمات درج کیے گئے جبکہ علیحدہ کارروائی میں تھانہ سوہاوہ میں ایک ایکسائز پولیس انسپکٹر کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈی پی او جہلم نے واضح کیا کہ محکمہ پولیس یا دیگر کسی سرکاری ادارے کا فرد اگر قانون توڑے گا تو اس کے خلاف بھی وہی کارروائی ہوگی جو عام شہری کے خلاف کی جاتی ہے۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق محفوظ پنجاب ویژن کے تحت ضلع بھر کی اہم شاہراہوں، داخلی و خارجی راستوں اور مرکزی چوکوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ اس دوران ناکہ بندی کے ذریعے شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں بلا امتیاز مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔
ڈی پی او جہلم کا کہنا ہے کہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ، کم عمر ڈرائیونگ، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانا، اوور اسپیڈنگ اور غلط پارکنگ جیسے جرائم حادثات میں اضافے کا باعث بنتے ہیں، لہٰذا ان کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ٹریفک قوانین پر عمل کرکے نہ صرف اپنے بلکہ دوسروں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ سڑکوں پر نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور قانون کی بالادستی قائم رکھنے کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ہر سطح پر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ جہلم میں ٹریفک حادثات میں کمی اور محفوظ سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔



