دینہ میں ناقص اور کم وزن والے گھریلو گیس سلنڈروں کی قیمت میں بے پناہ اضافہ

دینہ میں گھریلو گیس سلنڈروں کی قیمت میں بے پناہ اضافہ، ناقص اور کم وزن گیس سلنڈر عوام کے لیے خطرہ بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں گھریلو استعمال کے گیس سلنڈروں کی قیمتوں میں دکانداروں نے از خود بے پناہ اضافہ کر کے شہریوں کی پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

سرکاری ریٹ کے مطابق گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت 2379 روپے مقرر ہے اور سلنڈر میں گیس کا وزن 11 کلو 800 گرام ہونا ضروری ہے، مگر اس کے باوجود متعدد دکاندار 3500 روپے میں کم وزن اور ناقص سلنڈر فروخت کر رہے ہیں۔

شہریوں کے مطابق مارکیٹ میں دستیاب زیادہ تر سلنڈر نہ صرف کم وزن کے ہوتے ہیں بلکہ انتہائی ناقص اور زنگ آلود ہونے کی وجہ سے ان میں سے گیس لیک ہوتی رہتی ہے، جو کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔ جب دکانداروں کو لیکج کی شکایت کی جاتی ہے تو وہ بدتمیزی پر اتر آتے ہیں اور مسئلہ حل کرنے سے انکار کر دیتے ہیں۔

عوام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر ان عناصر کے خلاف فوری کارروائی نہ کی گئی تو دینہ میں بھی کسی بڑے حادثے کا امکان ہے، جیسا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں گیس لیکیج کے باعث کئی خاندان المناک حادثات کا شکار ہو چکے ہیں۔

دینہ کی عوام نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ناقص اور کم وزن سلنڈر فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ شہر کو کسی بڑے سانحے سے محفوظ رکھا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button