جہلم میں ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، مریض اور لواحقین شدید پریشان

جہلم: ادویات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے اور ادویات ساز کمپنیوں کی جانب سے من مانے نرخ مقرر کیے جانے کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مختلف ادویات کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس نے عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ شوگر، بلڈ پریشر، بخار، نزلہ زکام اور دیگر بیماریوں کی ادویات اب ان کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔

متاثرہ افراد کے مطابق ادویات ساز کمپنیوں نے اپنی مرضی سے قیمتیں بڑھا دی ہیں، جس کے باعث غریب اور متوسط طبقہ اپنے مریضوں کے لیے ادویات خریدنے سے قاصر ہو رہا ہے۔

شہریوں نے یہ بھی شکایت کی ہے کہ بعض کمپنیوں نے روزمرہ استعمال کی ادویات کو مارکیٹ سے غائب کر کے مصنوعی قلت پیدا کر دی ہے اور انہیں بلیک میں مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے، جو کہ ایک سنگین صورتحال اختیار کر چکی ہے۔

عوامی و سماجی حلقوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ادویات کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے، مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ مریضوں کو بروقت علاج میسر آ سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button