گورنمنٹ ہائی سکول پڑی درویزہ کا میٹرک امتحانات میں شاندار نتیجہ، تینوں پوزیشنیں طلباء نے حاصل کر لیں

پڑی درویزہ: گورنمنٹ ہائی سکول پڑی درویزہ نے اپنی 54 سالہ شاندار تعلیمی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے سالانہ میٹرک امتحانات 2026ء میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ ادارے کا مجموعی سالانہ نتیجہ 71 فیصد رہا، جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اول، دوم اور سوم پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء نے سابقہ ریکارڈ بھی توڑ دیے۔

تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ہائی سکول پڑی درویزہ کا قیام آج سے تقریباً 56 سال قبل 1970ء میں پڑی درویزہ کے محسن اور ہیرو، سابق سپرنٹنڈنٹ پولیس راجہ عنایت اللہ خان (ستارہ قائداعظم) کی ذاتی تحریک کے نتیجے میں عمل میں آیا تھا۔ ادارے کا پہلا شاندار میٹرک نتیجہ 1972ء میں سامنے آیا اور اس کے بعد سے سکول نے تعلیمی میدان میں اپنی روایات کو برقرار رکھا ہے۔

سالانہ امتحانات 2026ء کے نتائج کے مطابق سکول کے ہونہار طالب علم رعد عاشر نے 1020 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ مجیب الرحمن نے 902 نمبر لے کر دوسری اور مدثر ابراہیم نے 850 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔

سکول کی مجموعی کارکردگی بھی قابلِ ذکر رہی۔ سالانہ امتحان میں سکول سے مجموعی طور پر 48 طلباء شریک ہوئے، جن میں سے 34 طلباء کامیاب قرار پائے، جس کے باعث ادارے کا مجموعی نتیجہ 71 فیصد رہا۔

مختلف مضامین میں بھی طلباء نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ریاضی اور فزکس سمیت سائنس کے مضامین میں مجموعی نتیجہ 100 فیصد رہا، جبکہ انگریزی اور اخلاقی تربیت میں بھی 98 فیصد شاندار نتائج حاصل کیے گئے۔ دیگر مضامین میں بھی طلباء نے قابلِ ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

طلباء کے شاندار نتائج پر والدین اور علاقہ بھر کے عوامی و سماجی حلقوں نے گورنمنٹ ہائی سکول پڑی درویزہ کے ہیڈ ماسٹر سید ابرار حیدر اور محنتی اساتذہ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

عوامی و سماجی حلقوں کے مطابق ان شاندار نتائج کا سہرا ہیڈ ماسٹر سید ابرار حیدر اور تدریسی عملے کی انتھک محنت کے سر جاتا ہے، جن میں قاری عبدالحسیب، سید ندیم احمد، شمشیر علی مغل، ناصر محمود، یاسر عرفات اور وحید مشتاق شامل ہیں۔

والدین اور اہلِ علاقہ نے پوزیشن ہولڈر طلباء، ان کے والدین اور تمام کامیاب طلباء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ گورنمنٹ ہائی سکول پڑی درویزہ مستقبل میں بھی اپنی شاندار تعلیمی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے علاقے کے لیے مزید اعزازات حاصل کرے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button