ٹریفک پولیس جہلم کی عدم دلچسپی وغفلت کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم


جہلم: ٹریفک پولیس کی عدم دلچسپی وغفلت کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے۔ ٹریفک پولیس کے ذمہ داران و اہلکار شہر کے اہم مقامات اور چوک چوراہوں میں ڈیوٹیاں سر انجام دینے کی بجائے غائب ہوچکے، سکول و کالجز کی چھٹی کے اوقات میں ٹریفک کاجام ہونا معمول بن چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں شاندار چوک ،جی ٹی ایس چوک جادہ چوک سول اسپتال ضلع کچہری چوک سمیت شہر کی اہم سڑکوں پر ٹریفک پولیس کی عدم دلچسپی کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کا جام ہونا روزانہ کامعمول بن چکا ہے۔
شہریوں کا اس حوالے سےکہنا ہے کہ ایک طرف تو ٹریفک پولیس نے اوور لوڈ مال بردار گاڑیوں کو دن کے وقت شہر میں داخلے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، دوسری طرف ٹریفک پولیس کے ذمہ داران شاندار چوک اور جی ٹی ایس چوک میں سارا دن ڈیرے ڈالے گپیں ہانکتے موبائل فونز استعمال کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
محمد احسان، محمد عارف، محمد اجمل، بہادر علی، دانیال احمد اور عبدالغفار نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں چوکس فرض شناس ایماندار ٹریفک پولیس افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا جائے۔ سکول و کالجز کی چھٹی کے اوقات کے دوران ٹریفک پولیس افسران واہلکاروں کو چوک چوراہوں میں ڈیوٹیاں کرنے کاپابند بنایا جائے۔



