ضلع جہلم کے ہسپتالوں میں سہولیات کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایم ایس ڈی ایچ کیو، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مظہر حیات اور دیگر انتظامی افسران کے ساتھ ایک تفصیلی میٹنگ کی۔
اجلاس میں ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات میں بہتری، مریضوں کو درپیش مسائل اور عوامی شکایات کے ازالے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے ایمرجنسی وارڈ کا بھی معائنہ کیا اور وہاں موجود مریضوں سے ملاقات کی۔ مریضوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ان کی شکایات، طبی سہولیات، عملے کے رویے اور ادویات کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے سی ای او ہیلتھ کو ہدایت دی کہ ہسپتال آنے والے تمام مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ادویات کی فوری دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری علاج فراہم کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے ہسپتال انتظامیہ کو صفائی کے بہترین انتظامات برقرار رکھنے اور مریضوں کی سہولت کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ضلعی انتظامیہ ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔



