حکومت پنجاب کی جانب سے ضلع جہلم میں گندم کی خریداری کا آغاز نہ ہو سکا

جہلم: حکومت پنجاب کی جانب سے ضلع بھرمیں گندم کی خریداری کا آغاز نہ ہو سکا، کسان پریشانی کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے تا حال جہلم ضلع بھرمیں گندم کی خریداری کا آغاز نہ ہو سکا جس کے باعث کسان پریشانی کا شکار ہیں اور حالیہ بارشوں کے سبب کٹائی کا عمل بھی تعطل کا شکار ہو گیا ہے جس سے کسان دوہری اذیت کا شکار ہیں۔ کسانوں کی پورے سال کی روزی روٹی اسی گندم سے وابستہ ہوتی ہے۔
کسانوں کے مطابق اس دفعہ حکومت کی پالیسیاں کسان کش ہیں ، گندم کا ریٹ بھی کم ہے اور کسان سے خریداری بھی نہیں کی جارہی۔ کسانوں کے مطابق گندم کے بیوپاری بہت کم ریٹ لگا رہے ہیں ،جس سے ہمارا خرچہ بھی پورا نہیں ہوگا۔
کسانوں کا کہناہے کہ ہم حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کوئی ایسی پالیسی بنائیں کہ کسان کی گندم خود خرید کر عوام تک پہنچائیں اور ہمیں گندم مافیا سے بچایا جائے۔ بہرحال اس ساری صورتحال سے کسان طبقہ بری طرح متاثر ہورہا ہے۔



