دبئی میں 3 ورکرز کی پراسرار ہلاکت، دبئی پولیس نے تحقیقات شروع کردیں

دبئی میں 3 غیرملکی کارکنوں کی پر اسرار موت پر پولیس نے تحقیقات شروع کردیں۔
گلف نیوز کے مطابق دبئی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ دبئی میں تین ہندوستانی کارکنوں کی موت کے بعد سے تحقیقات جاری ہیں، مرنے والے تینوں افراد روم میٹ تھے جن کا تعلق بھارت کی شمال مغربی ریاست راجستھان سے تھا، ان میں سے دو بر دبئی کے علاقے الرفا میں مشترکہ ولا میں اپنے کمرے میں مردہ پائے گئے جب کہ تیسرے نے ہسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا۔
اس حوالے سے دبئی میں بھارتی قونصلیٹ کا کہنا ہے کہ ہمیں جیسے ہی تینوں کارکنوں کے انتقال کی اطلاع ملی، تب سے ہم ان کی لاشوں کی وطن واپسی کے لیے ہر طرح کی مدد کر رہے ہیں، تینوں کی لاشوں کو گھر پہنچانے کے لیے قانونی طریقہ کار کی تکمیل کا انتظار ہے۔
تیسرے متوفی کے رشتہ دار اور وطن واپسی کے طریقہ کار میں مدد کرنے والے ایک سماجی کارکن نے بتایا کہ مرنے والوں میں سے ایک کی شناخت 36 سالہ رام چندر کے طور پر ہوئی، دوسرے کا نام پرسرام گجر تھا جس کی عمر 23 سال تھی جب کہ تیسرے کارکن کی شناخت شیام لال کے نام سے ہوئی جس کی عمر 28 سال تھی، یہ سب الگ الگ کمپنیوں میں کلینر کے طور پر کام کرتے تھے لیکن وہ مشترکہ ولا کے ایک ہی کمرے میں رہتے تھے۔
ہلاک کارکن کے رشتہ دار نے مزید بتایا کہ یہ سب کام کے بعد تقریباً روزانہ ہی ملتے تھے، ہمارے لیے یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ اب وہ سب چلے گئے ہیں، ان کے چھوٹے بچے اور بوڑھے والدین ہیں، ان کے خاندان اجڑ گئے ہیں ان کو تسلی دینے کے لیے ہمارے پاس الفاظ نہیں ہیں، ان کی پراسرار موت ہمارے لیے بھی ایک جھٹکا تھی اور ہم یہ جاننے کا انتظار کر رہے ہیں کہ اصل میں کیا ہوا ہے۔



