جمعۃالوداع ، یوم القدس؛ جہلم پولیس نے سکیورٹی پلان جاری کر دیا

جہلم: ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کی خصوصی ہدایات پر رمضان المبارک کے جمعتہ الوداع اور یوم القدس کی ریلیوں کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے بحفاظت مذہبی فرائض کی انجام دہی کے لئے جہلم پولیس نے تفصیلی سکیورٹی پلان جاری کر دیا۔
ترجمان جہلم پولیس نے ایک پریس ریلیز میں بتایا ضلع بھر میں 164 مساجد اور دیگر عبادت گاہوں پرسخت سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا، ضلع بھر کی عبادت گاہوں کو حساسیت کے لحاظ سے اے، بی اور سی کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ضلع جہلم میں جمعتہ الوداع کے موقع پر مختلف مکاتب فکر کی 164 عبادت گاہوں پر ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز سمیت کل 272 پولیس افسران ڈیوٹی سر انجام دیں گے، ایلیٹ پولیس فورس ، لیڈیز پولیس اور ٹریفک پولیس بھی ہمراہ ہوں گی۔
ترجمان جہلم پولیس نے بتایا کہ یوم القدس کے حوالہ سے جہلم شہر، دینہ اور پنڈ دادنخان سرکل میں کل 5 ریلیاں منعقد ہوں گی، اس دوران امن و امان کے قیام کے لئے 3 ڈی ایس پیز اور 6 ایس ایچ اوز سمیت کل 91 پولیس افسران ڈیوٹی سرانجام دیں گے، ایلیٹ فورس کے 4 سیکشن اور ٹریفک پولیس ڈیوٹی بھی تعینات کی گئی ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ تمام سپروائزری افسران اور ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقہ میں امن و امان قائم رکھیں گے اور سیکیورٹی ڈیوٹییز پر تعینات افسران و جوانوں کو چیک اور بریف کریں گے۔
اس حوالے سے ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ سے کا کہنا ہے کہ سخت سکیورٹی انتظامات کا مقصد ضلع بھر میں جمعتہ الوداع کے اجتماعات اور یوم القدس کی ریلیوں کا پر امن انعقاد ممکن بنانا اور عوام الناس کو تحفظ کا احساس دلانا ہے۔ شہری اپنے گردو نواح میں موجود مشکوک اشخاص اور مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع پولیس کو دیں ، امن عامہ کے قیام میں عوام جہلم پولیس کا ساتھ دیں۔



