امریکی کاؤنٹی کمشنر کیلئے پاکستانی نژاد ڈاکٹر اسد مجتبیٰ بلامقابلہ امیدوار منتخب

امریکی کاؤنٹی کمشنر کے لیے پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر اسد مجتبٰی کی بلامقابلہ نامزدگی نے ایک بار پھر امریکا میں مقیم پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔
امریکی خارجہ پالیسی میں پاکستان کے خصوصی ایلچی اور پاکستان پالیسی انسٹی ٹیوٹ یو ایس اے کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر غلام مجتبٰی کے نوجوان صاحبزادے ڈاکٹر اسد مجتبٰی بھی پاک ۔ امریکا تعلقات میں شفافیت اور مضبوطی میں احسن کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
سابق ممبر صدارتی ایڈوائزری بورڈ آف ٹرمپ (ریپبلکن پارٹی) امریکا پروفیسر ڈاکٹر غلام مجتبٰی کے نوجوان صاحبزادے ڈاکٹر اسد مجتبٰی امریکی ریاست نیوجرسی کی پاسیک کاؤنٹی میں کاؤنٹی کمشنر کے لیے ریپبلکن پارٹی کی جانب سے بلامقابلہ امیدوار منتخب ہوگئے ہیں۔
امریکا میں مقتدر حکومتی حلقوں میں اہم مقام رکھنے والے ڈاکٹر اسد مجتبٰی نے پاکستان کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’پاکستان خطّے میں انتہائی اہمیت کا حامل ملک ہے اور امریکا تمام چیزوں سے قطع نظر اپنے اسٹریٹجک پارٹنر پاکستان کو نہ صرف معاشی طور پر مضبوط، خود مختار اور ترقی یافتہ دیکھنے کا خواہشمند ہے بلکہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کے لیے بھی تیار ہے۔‘
ڈاکٹر اسد مجتبٰی کا مزید کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستانی سیاست دان ذاتی مفادات و اختلافات سے بالاتر ہو کر پاکستان اور پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے دور رس فیصلے کریں۔
انہوں نے کہا کہ ان فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ امریکا جیسے اپنے مخلص دوستوں کو اعتماد میں لے کر ان کی ہر ممکن مدد حاصل کی جائے۔
واضح رہے کہ نیوجرسی کی پاسیک کاؤنٹی کے کمشنر کے لیے ریپبلکن پارٹی کی جانب سے بلامقابلہ نامزد امیدوار ڈاکٹر اسد مجتبٰی، طویل عرصے سے امریکا میں مقیم اور پاکستانی سیاست میں اہم کردار ادا کرنے والی معروف شخصیت پروفیسر ڈاکٹر غلام مجتبٰی کے صاحبزادے ہیں۔
ڈاکٹر اسد مجتبیٰ، نیو یارک کے کوئنز میں پاکستانی نژاد امریکی والدین کے ہاں پیدا ہوئے اور ان کی پرورش و تربیت ایک محب وطن، اور وسیع سیاسی بصیرت کے حامل والد کے زیر سایہ ہوئی ہے۔
ڈاکٹر اسد کا خاندانی پس منظر خدمت، سیاست اور صحت کی دیکھ بھال سے جڑا ہوا ہے۔ ان کے والد پروفیسر ڈاکٹر غلام مجتبیٰ ’آر او ٹی سی‘ کے سابق رکن ہونے کے ساتھ ساتھ امریکا اور پاکستان کے سیاسی و خارجہ پالیسی امور کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، وہ خارجہ پالیسی میں پاکستان کے خصوصی ایلچی اور پاکستان پالیسی انسٹی ٹیوٹ، امریکا کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
دوسری جانب ڈاکٹر اسد کی والدہ، کلفٹن نیو جرسی میں ایک وقف فارماسسٹ اور کینن بیپٹسٹ چرچ میں انٹرفیتھ کی ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دہی میں مصروف عمل ہیں۔
ڈاکٹر اسد مجتبیٰ کلفٹن سٹی ہال نیوجرسی میں گزشتہ کئی برس سے بطور ڈاکٹر لوگوں کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔
یومیہ 200 مریضوں کو طبّی سہولیات فراہم کرتے ہوئے وہ نہ صرف اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں بلکہ پاسیک کاؤنٹی کی اقتصادی زندگی میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
صحت کی دیکھ بھال کے علاوہ ڈاکٹر اسد نے ہنٹر بزنس اسکول میں بھی بطور ڈائریکٹر فرائض انجام دیے جہاں ان کی تعلیمی قابلیت، بصیرت، منصوبہ بندی کے باعث نہ صرف تعلیمی معیار میں اضافہ ہوا بلکہ کمیونٹی سے ان کے خلوص کا اظہار بھی سامنے آیا ہے۔
ان ہی تمام وجوہات کی بنا پر پاسیک کاؤنٹی کے نئے کمشنر کے لیے ڈاکٹر اسد مجتبٰی ریپبلکن پارٹی کی جانب سے بلامقابلہ منتخب امیدوار چُنے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ سال 2024 میں منعقد ہونے والے ان انتخابات میں دنیا بھر کی نظریں ایک بار پھر تیزی سے عوامی مقبولیت حاصل کرتی ریپبلکن پارٹی پر مرکوز ہیں۔



