دینہ پولیس نے میرپور سے لاپتہ ہونے والے ذہنی مریض شخص کو ورثاء کے حوالے کر دیا

دینہ: پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے میرپور آزاد کشمیر سے لاپتہ ہونے والے ایک ذہنی مریض شخص کو بحفاظت اس کے ورثاء کے حوالے کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ ایک نامعلوم شخص علاقے میں گھوم رہا ہے جس کی ذہنی حالت درست نہیں۔ ایس ایچ او تھانہ دینہ اور ان کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ شخص کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
پولیس نے ہمدردانہ رویہ اپناتے ہوئے اس کی شناخت معلوم کرنے کی کوشش کی اور جدید ذرائع استعمال کرتے ہوئے مسلسل محنت کے بعد اس کے ورثاء کو تلاش کر لیا، جو کہ میرپور آزاد کشمیر کے رہائشی نکلے۔
بعد ازاں مذکورہ شخص کو بحفاظت اس کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا، جس پر لواحقین نے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ عوام کی خدمت اور ان کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ایسے فلاحی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔



