آئیسکو سرکل جہلم میں بجلی کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری، عوام سراپا احتجاج

جہلم: آئیسکو سرکل جہلم میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا۔ روزانہ پرمٹ کے نام پر کئی کئی گھنٹے بجلی بند کی جانے لگی، کاروبار ٹھپ اور عوام آئیسکو انتظامیہ کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور گردونواح میں آئیسکو سرکل جہلم کی جانب سے بجلی کی طویل بندش معمول بن چکی ہے۔ ہر دوسرے دن پرمٹ کے نام پر گھنٹوں بجلی بند ہونے سے شہری مشکلات میں مبتلا ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے سو فیصد ریکوری دینے والے جہلم کو جان بوجھ کر شارٹ فال کی قرعہ اندازی میں شامل کیا گیا ہے اور پرمٹ کے نام پر بجلی بند کرکے محنت کش طبقے کو بے روزگار کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
شہریوں کے مطابق گزشتہ کئی دنوں سے مختلف سب ڈویژن میں مسلسل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے، جس کے باعث ویلڈنگ، ٹیلرنگ، فرنیچر سازی سمیت دیگر چھوٹے بڑے کاروبار بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ حتیٰ کہ سرکاری و نجی اسپتالوں میں بھی بجلی کی بندش سے مسائل جنم لے رہے ہیں۔ محنت کش طبقہ شدید پریشان ہے جن کا کہنا ہے کہ وہ دن بھر کی محنت سے اپنے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں لیکن بجلی کی بندش کے باعث روزگار ختم ہوکر رہ گیا ہے۔
شہریوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہر صارف بجلی کا بل باقاعدگی سے جمع کرواتا ہے لیکن اس کے باوجود غیر اعلانیہ اور اعلانیہ لوڈشیڈنگ کسی صورت قبول نہیں۔ عوام نے وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر پانی و بجلی اور آئیسکو چیف اسلام آباد سے فوری نوٹس لینے اور جہلم سرکل میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔



