دینہ کے 13 سالہ بچے حسان شیخ کا 10 روز گزرنے کے باوجود سراغ نہ مل سکا، والدین پریشان

دینہ: جہلم کی تحصیل دینہ کے محلہ شیخاں کا رہائشی 13 سالہ محمد حسان شیخ، جو 15 جون 2025 کو اپنے گھر سے والد کی دوکان پر جانے کے لیے نکلا تھا، 10 روز گزرنے کے باوجود تاحال لاپتہ ہے۔ بچے کے والدین شدید پریشانی میں مبتلا ہیں اور مختلف مقامات پر تلاش کے باوجود بچے کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
محمد حسان شیخ ولد شیخ وحید معمول کے مطابق دوکان جانے کے لیے گھر سے روانہ ہوا مگر نہ تو دوکان پہنچا اور نہ ہی واپسی ہوئی۔ اہل خانہ نے ہر ممکن کوشش کی، مساجد میں اعلانات کروائے اور رشتہ داروں و دوستوں سے رابطہ کیا، مگر ابھی تک حسان کا کوئی پتہ نہیں چل سکا۔
گم ہونے کے وقت حسان شیخ نے لائٹ گولڈن رنگ کے کپڑے اور سر پر ٹوپی پہن رکھی تھی۔ والدین نے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو بچے کے متعلق کوئی معلومات ہوں تو فوری طور پر والد شیخ وحید کے موبائل نمبر 03215414200 پر اطلاع دی جائے۔
اہم بات یہ ہے کہ گمشدہ بچہ ٹرین میں سفر کرنے کا خاص شوق رکھتا تھا، لہٰذا ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں پر سفر کرنے والے مسافر حضرات بھی اس پر نظر رکھیں تاکہ ممکنہ طور پر بچے کو تلاش کیا جا سکے۔
اس سلسلے میں پولیس سٹی چوکی دینہ میں باقاعدہ رپورٹ درج کر لی گئی ہے اور تلاش جاری ہے۔ پولیس اور والدین کی جانب سے عوام سے بھرپور تعاون کی اپیل کی گئی ہے تاکہ حسان شیخ جلد از جلد اپنے اہل خانہ سے مل سکے۔



