سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد نہ ہونے سے مہنگائی کا جن بے قابو، غریب اور سفید پوش طبقہ پریشان

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں اشیائے خوردونوش کی سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث غریب اور سفید پوش طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ دکانداروں کی جانب سے سرکاری نرخ ناموں کو نظرانداز کرتے ہوئے من مانے نرخ وصول کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث عام شہریوں کے لیے روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیائے ضروریہ خریدنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور ضلع کی مختلف تحصیلوں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں من مانے اضافے نے عوام کی قوتِ خرید کو بری طرح متاثر کر رکھا ہے۔ سبزیوں، پھلوں، دالوں، گوشت، دودھ، دہی اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء کی خریداری کے دوران شہریوں کو سرکاری نرخ ناموں اور بازار میں وصول کی جانے والی قیمتوں میں واضح فرق کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

متعدد دکاندار سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کے باوجود ان پر عملدرآمد نہیں کرتے اور اپنی مرضی کے نرخ وصول کرتے ہیں، جس کے باعث صارفین اور دکانداروں کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات بھی جنم لے رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں کم آمدنی والے مزدور، دیہاڑی دار، پنشنرز اور سفید پوش خاندان پہلے ہی گھریلو اخراجات پورے کرنے کے لیے پریشان ہیں۔ محدود آمدنی میں بجلی اور گیس کے بل، بچوں کی تعلیم، علاج معالجے اور گھر کے راشن کے اخراجات برداشت کرنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔ ایسے حالات میں اشیائے ضروریہ کی سرکاری قیمتوں سے زائد وصولی عوام پر مزید مالی بوجھ ڈال رہی ہے۔

شہریوں کے مطابق سب سے زیادہ متاثر وہ سفید پوش خاندان ہیں جو اپنی عزتِ نفس کی خاطر کسی کے سامنے دستِ سوال دراز نہیں کرتے، مگر بڑھتی ہوئی مہنگائی نے ان کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام بھی دشوار بنا دیا ہے۔

شہری حلقوں نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پیرا فورس کی موجودگی کے باوجود اگر بازاروں میں سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد نہیں ہو رہا تو اس صورتحال کا مؤثر تدارک کیوں نہیں کیا جا رہا؟ ان کا کہنا ہے کہ محض جرمانوں اور رسمی کارروائیوں کے بجائے بازاروں کی مستقل بنیادوں پر نگرانی اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ دکانداروں کو سرکاری نرخوں کا پابند بنایا جا سکے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو روزانہ کی بنیاد پر بازاروں کے دورے کرنے، سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد چیک کرنے، دکانوں پر نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کروانے اور خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی یقینی بنانے کا پابند بنایا جائے۔

اس کے ساتھ ساتھ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر نظام بھی فعال کیا جائے تاکہ غریب، مزدور اور سفید پوش شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے اور سرکاری نرخ نامے محض کاغذی کارروائی بن کر نہ رہ جائیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button